گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں اور برساتی ریلوں سے متاثرہ ریلوے ٹریک 18 گھنٹے بعد بحال ہونے کے بعد ٹھٹہ کول مائنز کے مزدوروں نے دوبارہ بند کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق طوفانی بارشوں اور برساتی ریلوں سے متاثرہ ریلوے ٹریک جس کو کافی جدوجہد کرکے 18 گھنٹے بعد بحال کیا گیا تھا اسے بحالی کے ایک گھنٹے بعد ٹھٹھہ کول مائنز کے مزدوروں نے دوبارہ بند کردیا ہے۔
ٹھٹھہ کول مائنز کے مزدوروں نے جھمپیر کے قریب مٹنگ ریلوے اسٹیشن پر دھرنا دیا، مظاہرین نے کوئلے کی کان میں پھنسے مزدوروں کو تاحال باہر نہ نکالے جانے کے خلاف احتجاج کیا اور ریسکیو نہ کرنے پر محکمہ معدنیات اور کمپنی مالکان کے خلاف نعرے بھی لگائے، مظاہرین نے اس موقع پر قراقرم ایکسپریس بھی روک دی۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے ٹریک 17 گھنٹے بعد بھی بحال نہ ہوسکا، ٹرینوں کا نظام درہم برہم
دوسری جانب ٹریک دوبارہ بند ہونے کے باعث کوٹری سے روانہ ہونے والے ٹرینیں جو پہلے ہی 18 گھنٹے سے زائد وقت سے تاخیر کا شکار ہیں انہیں دوبارہ روک دیا گیا ہے جب کہ ٹرینوں کی غیر معمولی تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔