لاہور: پاکستان ریلوے نے شہروں کے اندر اور باہر مختلف اسٹیشنز پر اضافی اسٹاپ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے شہروں کے اندر اور باہر مختلف اسٹیشنز پر اضافی اسٹاپ دینے کا فیصلہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑے شہروں میں اضافی رش کو کم کرنے کے لیے کیا گیا۔
کراچی کی اپ اینڈ ڈاؤن ٹرینوں کو لانڈھی، ڈرگ روڈ، ملیر سٹی میں اسٹاپ کی ہدایت کردی گئی۔
ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ تمام ٹرینوں کو ریلوے اسٹیشنز پر 2 منٹ کے اسٹاپ کی اجازت دی ہے، لاہور میں تمام اپ ٹرینوں کو لاہور کینٹ، والٹن، کوٹ لکھپت میں اسٹاپ کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں: 25 مارچ سے ٹرین آپریشن محدود ہو جائے گا
ترجمان ریلوے کے مطابق راولپنڈی میں اپ ٹرینوں کو چکلالہ ریلوے اسٹیشن پر 2 منٹ رکنے کی اجازت ہوگی، اضافی اسٹاپ سے متعلق فیصلے پر فوری عملدرآمد ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے کرونا وائرس کے پیش نظر مرحلہ وار 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 134 ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں، 22 مارچ سے 12 ٹرینیں بند کی جارہی ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید 20 ٹرینیں بھی بند کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جو کماتے ہیں وہی ریلوے پر خرچ کرتے ہیں، اگر پوری سروس بند کی تو ہمارے پاس پنشن اور ملازمین کی تنخواہ کے پیسے نہیں ہیں، ہم 134 ٹرینوں میں سے 34 بند کرنے جارہے ہیں اس سے ملازمین کی تنخواہیں نہیں رکیں گی۔