کراچی: بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب شارع فیصل اور اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ایئرپورٹ جانے والے مسافر گاڑیاں چھوڑ کر سامان اٹھائے پیدل ایئرپورٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔
CM Sindh’s aerial inspection of Karachi by arynews
تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر ناتھا خان پل کے دونوں اطراف سڑک پر پانی جمع ہونے سے جہاں ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے وہیں ایئرپورٹ جانے والے مسافر فلائٹس سے محروم ہورہے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ گزشتہ سات گھنٹے سے ہزاروں افراد وہاں پھنسے ہوئے ہیں، ایئرپورٹ جانے والے مسافر اپنا سامان اٹھائے پیدل روانہ ہوگئے جب کہ سیکڑوں گاڑیاں ایندھن ختم ہونے پر بند ہوگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور سندھ حکومت کی ٹریفک کی روانی بحال کرانے میں عدم دلچسپی ہے جس کے سبب مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے ناتھا خان اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور پانی کی فوری نکاسی کا حکم جاری کیا۔
قبل ازیں اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر بلدیات جام خان شورو نے یقین دلایا تھاکہ ناتھا خان سے بارش کے پانی کی نکاسی جلد ہوجائے گی، مشینیں وہاں روانہ کردی ہیں جنہوں نے کام شروع کردیا ہے۔