کراچی : کوئٹہ اور چمن میں برستے بادلوں نے موسم سرد کردیا جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری سے درجہ حرات نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔
تفصیلات کے مطابق بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا مضبوط سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، جس سے چمن سمیت متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
وادی کوئٹہ اورگردونواح میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ، قلات،پشین زیارت،مستونگ بولان سمیت دیگرعلاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
چلاس شہر اور گردونواح سمیت بٹوگاہ ، تھک نیاٹ، گیچی سمیت دیگرعلاقوں میں بارش اوربرفباری جاری ہے۔
دیامر کے بالائی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری سے درجہ حرات نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔
برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں تاحال بند ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں برفباری سے لوگ گھروں میں محصور ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان،کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوگی جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔