وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ نے جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب آج سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئے راجن پورپہنچے،متعلقہ حکام نے چوہدری پرویز الہیٰ کوسیلاب سےمتاثرہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر اہل علاقہ کی بڑی تعداد امڈ آئی اور انہوں نے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلابی تباہ کاریوں کے باعث راجن پور کو آفت زدہ قرار دے رہا ہوں۔
انہوں نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سےمیرا اور ساتھیوں کاامتحان شروع ہوگیا ہے، جن لوگوں کانقصان ہواہےان کوسہولت ملنی چاہیے، آپ کو یقین دلا رہا ہوں کہ امدادی سامان ہرگھرتک جائےگا اور چیک بھی ملیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بارش اور سیلاب : بلوچستان میں انگور، سیب کی فصلیں برباد
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ آج سے بارہ سال قبل بھی یہاں کا دورہ کیا تھا، مگر حالیہ بارشوں نے انفراسٹکچر مکمل طور پر تباہ کردیا ہے، قریبا پندرہ کلومیٹر تک جو سڑکیں تباہ ہوئیں، وہ دوبارہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ راجن پور، روجھان اور تونسہ میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 27 ہزار 860 ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوچکیں۔
علاقے میں سینکڑوں دیہات زیر آب آ چکے۔ مکانات، مویشی بہہ گئے جبکہ بعض دیہات کا شہروں سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔