اشتہار

صبحِ جاوداں…

اشتہار

حیرت انگیز

رالف والڈو ایمرسن کو دنیا میں ایک فلاسفر اور دانش مند کی حیثیت سے پہچانا جاتا ہے وہ امریکی تھا، جو اپنے مضامین اور شاعری کے لیے مشہور ہے۔ یہاں فطرت سے متعلق ایمرسن کے ایک خوب صورت مضمون سے اقتباس پیش کیا جارہا ہے۔

"جنگلوں کی گھلی گھلی روشنی گویا ایک صبحِ جاوداں ہے، جو کیف آور بھی ہے اور ولولہ انگیز بھی۔

صدیوں پہلے جو سحر و افسوں ان مقامات سے منسوب کیے جاتے تھے، وہ آج بھی ہمیں اپنے اردگرد رینگتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ صنوبر، شیکوان اور شاہ بلوط کے تنے ہماری پُرشوق نگاہوں میں فولاد کی طرح چمک اٹھتے ہیں۔ خلوت پسند اور بے زبان درخت ہمیں زندگی کے بکھیڑوں کو تیاگ کر اپنی دنیا میں آباد ہو جانے کی ترغیب دینے لگتے ہیں۔

- Advertisement -

فطرت کی یہ طلسم کاریاں بڑی صحت بخش ہیں۔ یہ ہماری بے اعتدالیوں اور وحشتوں کا علاج ہیں، ہمارے دکھوں کا مداوا ہیں۔ درحقیقت یہ تکلفات سے مبرا خوشیاں ہیں جو ہمارے مزاج کو راس آتی ہیں اور ہماری ذات سے طبعی مناسبت رکھتی ہیں۔ فطرت کی ان سحر طرازیوں کی بدولت ہم اپنے آپ کو پا لیتے ہیں، اپنی اصلیت کو پہچان جاتے ہیں۔ ہمارے اس ذہن کو اپنے قدیم مکان سے بے پناہ لگاؤ ہے۔ پیاس کے لیے جو اہمیت پانی کی ہے، ہمارے ہاتھ، پاؤں، آنکھ وغیرہ کے لیے وہی اہمیت چٹان اور زمین کی ہے۔

فطرت کے اثر و نفوذ کے بہت سے مدارج ہیں۔ یہ محض صحت بخش قوتوں ہی کی حامل نہیں بلکہ یہ روح اور قوّتِ متخیلہ کی اعانت کا اہم فریضہ بھی انجام دیتی ہے۔ فطرت کی آغوش میں کیا کچھ نہیں۔ چشمے کے خنک پانی سے لبالب بالٹی بھی ہے، جنگل کی وہ آگ بھی ہے جس کے دامن میں سردی سے ٹھٹھرتا ہوا مسافر پناہ لیتا ہے۔ پت جھڑ اور جھلستی ہوئی دوپہر کے اخلاق آموز مناظر بھی ہیں۔”

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں