کراچی : ماہ رمضان میں افطار کرانے کی بہت خاص اہمیت ہے، کسی کو روزہ افطار کرانا بہت اجر کا باعث ہے، افطار کرانے والے کو اس وقت جو خوشی محسوس ہوتی ہے اس کا مزہ وہی جانتا ہے۔
افطاری کرانا دلوں کی کدورتوں کو دھونے کا ایک بہترین بہانہ بھی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کے کنارے بہت سے لوگ افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جو وہاں سے گزرنے والے مسافروں کو پانی اور کھجوریں پیش کرتے ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد کی رہائشی خواجہ سرا نوشی عرف بجلی بھی ہر سال ماہ رمضان میں افطاری کرانے کا اہتمام کرتی ہیں، ان کا جذبہ اور خلوص دیکھ کر علاقہ کے لوگ بھی ان سے تعاون کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں بحیثیت مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نوشی عرف بجلی نے بتایا کہ وہ یہ کام دو سال سے کررہی ہیں اور محلے کے گھر گھر جا کر ان میں افطار تقسیم کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 6سال پہلے منیبہ مزاری نے مجھے اس کام کیلئے رکھا تھا اور اب میں دو سال سے یہ کام اکیلے کررہی ہوں اور تمام تر مشکلات کے باوجود یہ فریضہ پوار کرنے کی کوششش کررہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شروع شروع میں لوگ مجھ سے افطاری لینا پسند نہیں کرتے تھے لیکن اب وہ میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، مجھے فخر ہے کہ اللہ نے مجھے اس کام کیلئے چنا، یہ افطاری میرے گھر اور میرے ہاتھ سے بن کر جاتی ہے۔