ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

اٹھارہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی لڑکی کا خصوصی انٹرویو

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: فیصل آباد میڈیکل یونی ورسٹی سے گرایجویشن میں اٹھارہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی رعنا اسلم کا کہنا ہے کہ وہ آٹھویں جماعت سے ایک سیلف میڈ شخصیت ہیں، کامیابی میں والدہ کا بڑا ہاتھ ہے۔

لاہور میں رہنے والی رعنا اسلم نے گزشتہ دنوں کانووکیشن میں گورنر پنجاب کے ہاتھوں سے اٹھارہ گولڈ میڈل حاصل کیے تھے ، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے سے رعنا اسلم پورے ملک کی توجہ کا مرکز بن گئیں ۔

رعنا کے والد کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ اپنی والدہ اور پانچ چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ لاہور کے ایک کرائے کے مکان میں رہتی ہیں۔ انہوں نے اپنی تعلیم کے لیے آٹھویں کلاس سے مستقل ٹیوشن پڑھائی ہیں۔

- Advertisement -

اے آروائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ان کے خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا گیا۔ شو کے میزبان شفاعت علی اور مدیحہ نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ’ شروع سے میرا فوکس مکمل طور پر تعلیم پر تھا ۔ حالات ایسے تھے کہ پڑھنا ہی شوق تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے شوق تھا کہ ملک میں اپنا نام پیدا کروں۔ اسی شوق کے تحت میں نے تعلیم کے میدن میں محنت کی اور اللہ نے میرا ساتھ دیا ۔ آج سارے ملک کے عوام مجھ سے محبت کا اظہار کرر ہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ میری تمام تر کامیابی کا کریڈٹ امی کو جاتا ہے۔ جب بھی میں حالات سے گبھرا کر ہمت ہار جاتی تھی تب وہ مجھے حوصلہ دیتی تھیں۔ وہ میرے لیے آئیڈیل شخصیت ہیں‘۔

ان کا کہنا تھاکہ وہ اب پاکستان میں ہی رہ کر ایف سی پی ایس کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی خواہش کی وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ منقطع نہ ہونے دیں اور اسے مزید آگے بڑھائیں۔

اپنے تعلیمی سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آٹھویں کلاس سے وہ سیلف میڈ ہیں اور انہیں کبھی بھی ٹیوشن کی ضرورت نہیں پڑی۔ انہوں نے انٹری ٹیسٹ میں 1100 میں سے 986 نمبربغیر کسی اکیڈمی سے تیاری کے حاصل کیے تھے۔

ان سے پوچھا گیا کہ جب وہ خود اس قدر شاندار تعلیمی کیرئر کی حامل ہیں تو ان کے اسٹوڈنٹ کس طرح کے رہے۔ جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ایک اسٹوڈنٹ جو ہمیشہ فیل ہوتی تھی، ان کے پاس آنے کے بعد اس کی پہلے ہی سال تھر ڈ پوزیشن آئی تھی۔

طلبہ و طالبات کے نام اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ماں باپ کی دعائیں اور اللہ تعالیٰ کی عبادت سے ہی کامیابی ملتی ہے۔ طالب علموں کے لیے پیغام ہے کہ کامیابی کے لیے انسان کو از خود محنت کرنا ہوتی ہے ۔ پکی پکائی کھیر کوئی فائدہ نہیں دیتی ۔اگر محنت نہ کی ہوتی تو مجھے بھی قدر نہ ہو تی اس کامیابی کی جو مجھے ملی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں