اشتہار

پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا حق نہیں رکھتے، رانا ثنا اللہ

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا حق نہیں رکھتے، پی ٹی آئی کی صفوں میں زندہ ضمیر والے انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا الیکشن ہونے جارہا ہے لیکن پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا حق نہیں رکھتے، یہ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے رہے، اب اپنے لوگوں سے کہہ رہے ہیں اس ڈاکو کو ووٹ ڈالو، پی ٹی آئی کی صفوں میں ایسے لوگ ہیں جن کا ضمیر زندہ ہے اور وہ پرویز الہٰی کوووٹ نہیں دینگے، اس ڈاکو کے نزدیک پنجاب اسمبلی کی حیثیت گئی گزری ہے جو کہتا ہے کہ میں سوچوں گا نہیں دو سیکنڈ میں اسمبلی توڑ دونگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی طور پر ہم سب کیساتھ رابطے کر رہے ہیں، یہ ہمارا جمہوری اور سیاسی حق ہے، جہاں تک پیسوں کی بات ہے وہ تو آپ کی آڈیو پکڑی گئی ہیں، آپ نے کبھی اپنا گریبان نہیں جھانکا اور لوگوں پر الزام لگاتے ہیں، عمران خان نے آزاد کشمیر الیکشن میں وفاداریاں اور ضمیر خریدے۔

- Advertisement -

وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے کہا کہ انکے بندے ادھر ادھر ہوجائیں گے، میرے بیان پر یہ سپریم کورٹ چلے گئے ویسے یہ بات بنتی نہیں تھی، سپریم کورٹ نے انکی پٹیشن کو اس قابل نہ سمجھا کہ مجھے بلا کر پوچھا جاتا، بلاتے تو بتاتا یہ وہ ٹولہ ہے جن کا کام جھوٹ بولنا اور الزام تراشی کرنا ہے، یہ چور مچائے شور کی طرح شور ڈالتے رہتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں نے امکان ظاہر کیا تھا چاہے یہ 10 پٹیشن دائر کردیں لیکن آج بھی کہتا ہوں۔ سیاسی شعور کی بنیاد پر5 نہیں کم از کم 50 لوگوں کا ضمیر کہتا ہے کہ یہ غلط ہو رہا ہے، اس لیے وہ ممبران اپنے ووٹ کا حق استعمال کرسکتے ہیں یا کم از کم روک سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ کہے کہ 20 سیٹوں پر کسی جماعت کی مقبولیت کو جانچا جائے تو غلط ہے، جن 20 لوگوں کو ہم نے ٹکٹ دیے ان پرعمران خان کی نااہلی کا ملبہ تھا، پی ٹی آئی جو بیانیہ بنا رہی ہے وہ اگلےالیکشن میں زمین بوس ہوجائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے اور اقتدار سنبھالنے میں کسی کے مجبور کرنے پر نہیں اتحادیوں کی ڈیمانڈ پر آئے، اتحادیوں میں عدم اعتماد لانے پراتفاق ہوا اکثریت نے کہا عدم اعتماد لانا چاہیے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ اس وقت ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین نیب تقرری کی منظوری دی ہے، آفتاب سلطان کا نام ہر لحاظ سے معتبر ہے، ہم نےملک میں بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے، عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف اخلاقیات سے گری ہوئی باتیں کیں، پنجاب کے الیکشن میں الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہا گیا ہے لیکن یہ انوکھا لاڈلہ ہے جو جیت کر خوش ہے اور نہ ہار کے خوش ہوتا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی پر کوئی بات نہیں ہوئی، کوئی مہنگائی کو ضمنی انتخابات کے نتائج کا ذمے دار قرار دیتا ہے تو وہ اسکی اپنی سوچ ہوگی، اس حوالے سے مفتاح اسماعیل نے پوری کیبنٹ کو اعتماد میں لیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں