لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہمارا کام تقریباً مکمل ہے، 8 فروری 2024 کو ہونے الے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے جا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان 54 دن پہلے ہوتا ہے اور میرا خیال ہے 14 یا 15 دسمبر کے آس پاس شیڈول کا اعلان ہو جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق 15 یا 16 دسمبر تک امیدوار فائنل کر لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب سے ہم 100 سے زائد سیٹیں جیتنے جا رہے ہیں، تاریخ دیکھ لیں پنجاب سے 100 سے زائد سیٹیں جیتنے والی اکثریتی حکومت بناتی ہے۔
متعلقہ: صاف و شفاف الیکشن سے (ن) لیگ مینڈیٹ حاصل کرے گی، رانا ثنا اللہ
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتوں کو بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں محدود رکھنی چاہییں، دعا ہے اللہ سب کو حفظ وامان میں رکھے اور الیکشن خیریت سے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں موجود ہیں اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو عدالت جائے، بلاول بھٹو زرداری آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں ماضی میں اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے۔
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ الیکشن میں اتحاد کسی سے نہیں کر رہے البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے تعاون کو تیار ہیں، ہر حلقے میں صورتحال واضح ہے کوئی ابہام نہیں ہے، اربن ایریاز میں 10 دن میں واضح نظر آ جائے گا (ن) لیگ سوئپ کر رہی ہے اور جیتنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات پہلے بھی تھے اور آج بھی ہیں، پچھلے 5 سال جو کچھ نقصان ہوا وہ گہرا ہے اس سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، انتخابی مہم کو لے کر جو پروپیگنڈا سوشل میڈیا پر ہو رہا ہے وہ سب کو نطر آ رہا ہے۔
’سادہ اکثریت سے حکومت بنانے جا رہے ہیں‘
گزشتہ ماہ میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پنجاب میں 120 سے 125 نشستوں پر کامیاب ہو کر سادہ اکثریت سے حکومت بنائیں گے، یہ ملک کی ضرورت بھی ہے ایک ایسی قیادت سامنے آئے جو ملک کو بحران سے نکال سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اندازوں پر بات نہیں کر رہے ہم نے پہلے بھی کر کے دکھایا ہے، 1998 میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ایٹمی قوت ہونے سے انڈیا کو ہمت نہیں ہوئی کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان جی 20 کا ممبر ہوتا لیکن 2018 میں پاکستان کے خلاف سازش کی گئی، فتنے کو ملک پر مسلط کرنے کیلیے نواز شریف کی حکومت کو ختم کیا گیا، ان سازشوں اور جھوٹے مقدمات کا جرات کے ساتھ مقابلہ کیا، ہم نے وہ نہیں کیا جو آج کل سیاست میں ہو رہا ہے۔