لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ خورشید شاہ نے کہا تھا شہباز شریف بیمار ہیں تو کسی اور کو چیئرمین پی اے سی بنالیں۔
تفصیلات کے مطابق پی اے سی چیئرمین شپ کے لیے شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر کا نام سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔
رانا تنویر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ اسمبلی میں مل کر چل رہے ہیں، پی اے سی کے سلسلے میں تجویز خورشید شاہ کی طرف سے آئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ پی پی رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے لوگوں سے بات کی تو انھوں نے بھی اعتراض نہیں کیا، ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں، کوئی غلط فہمی ہوئی ہے تو دور ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے
رانا تنویر حسین نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی رہیں گے، یہ تاثر غلط دیا گیا کہ شہباز شریف واپس نہیں آئیں گے، وہ واپس آئیں گے اور پارلیمنٹ میں کردار ادا کریں گے۔
انھوں نے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل کی اس تجویز پر کہ بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے، پر کہا کہ ندیم افضل واپس اگر پیپلز پارٹی میں آئیں تو تب ہی ان کی تجویز پر غور ہو سکتا ہے، وہ پی پی کی نہیں پی ٹی آئی کی بات کیا کریں۔