ممبئی: سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر معروف بالی وڈ سُپر اسٹار رنبیر کپور کی ایکشن سے بھرپور وائرل ویڈیو نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
انڈین میڈیا کے مطابق رنبیر کپور کو حال ہی میں ایک ویڈیو میں ایکشن میں دیکھا گیا لیکن اطلاعات ہیں کہ انہوں نے اب تک کوئی ایکشن فلم سائن نہیں کی۔
وائرل ویڈیو میں رنبیر کپور کو ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’پٹھان‘، ’وار‘ اور ’بینگ بینگ‘ جیسی فلموں سے متاثر ہو کر غنڈوں سے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سُپر اسٹار کے ساتھ ایک لڑکی بھی موجود ہے۔
مداحوں کا اندازہ ہے کہ ان کے پسندیدہ فلم اسٹار فلم ’دھوم 4‘ کی تیاری میں مصروف ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ رنبیر کپور کا مذکورہ ویڈیو کوئی فلمی سین نہیں بلکہ اشتہار کا ہے۔
یاد رہے کہ ’دھوم 4‘ کے بارے میں چند ہفتے قبل افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ رنبیر کپور اس میں ولن کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دراصل فلمساز آدتیہ چوپڑا اسے سامعین کیلیے دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ وجے کرشنا اچاریہ کے ساتھ مل کر اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں تاکہ ایک منفرد کہانی پیش کی جا سکے۔
افواہیں تھیں کہ رنبیر کپور اور فلمساز کی ٹیم کے درمیان بات چیت جاری ہے کیونکہ سُپر اسٹار نے فلم میں کردار نبھانے کیلیے دلچسپی ظاہر کی تھی۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ رنبیر کپور کے ساتھ طویل عرصے سے بات چیت چل رہی ہے، انہوں نے فلم کی کہانی سن کر اس کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ فلمساز کا خیال ہے کہ دھوم کی وراثت کو آگے بڑھانے کیلیے رنبیر ایک بہترین انتخاب ہیں۔