کراچی: رینجرز نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے گھر سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں، ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ لندن عسکری ونگ کے کارندوں نے چھپایا تھا۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے لانڈھی نمبر 3 کے ایک گھر میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور گولیاں برآمد کیں، جن میں 7 اور 8 ایم ایم رائفلز، 2 کلاشنکوف، نائن ایم ایم اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گھر میں چھپایا گیا اسلحہ ایم کیو ایم لندن کے شرپسندوں کا ہے جو شہر میں جرائم کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
پڑھیں: ’’ تعلیم یافتہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں ‘ ڈی جی رینجرز سندھ ‘‘
قبل ازیں ڈی جی رینجرز میجر جنرل سعید نے جامعہ کراچی میں طلبا اور ٹیچرز سے خطاب کرتے ہوئے شہر میں جاری آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور آخری دہشت گرد تک اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔