کراچی: رینجرز نے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث 10ملزمان گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ شارع فیصل سے بھتہ خوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا، گرفتار 9ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی میں ملوث ہیں۔ کراچی کے جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں عوامی کالونی، فیروزآباد، بغدادی، جمشیدکوارٹرز اور سولجربازار شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد ہوئی، تمام ملزمان قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، تاہم ملزمان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 18 جولائی کو سندھ رینجرز نے صوبے کی اہم جیلوں میں سرچ آپریشن کرکے قیدیوں کے زیر استعمال ممنوعہ اور خطرناک اشیاء برآمد کی تھیں۔ رینجرز نے ٹیلی ویژن، بریکٹ فین، فریج، ایئر کولر، ناخن کٹر برآمد کیے تھے، اس کے علاوہ قینچی، لائٹرز، سٹیپلرز، دستی گھڑی، گولڈ کی چینز بھی بیرکوں میں موجود تھیں۔