کراچی : رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کاروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کےسات کارندوں سمیت آٹھ ملزمان گرفتارکرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے،ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں گڈاپ،ناظم آباد،اتحاد ٹاون اور لیاقت آبادکے علاقوں میں کی گئی جس کے دوران سات کارندوں سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک سیون ایم ایم رائفل،دو ایٹ ایم ایم، ایک نائن ایم ایم پستول ، ایک بارہ بور رائفل اور ایک جی تھری رائفل بھی برآمد ہوئی ہے اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے آٹھ عدد دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
قبل ازیں رینجرز نے کیماڑی کے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن سے مختلف مقدمات اور اسلحہ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں،تفیش کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اسی سے متعلق : ناظم آباد میں مجلس پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی
واضح رہے چند روز قبل کراچی میں کالعدم جماعت اہل سنت و الجماعت کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی تھی جس میں نفرت آمیز تقاریر کی گئیں تھیں جس کے اگلے روز ہی ناظم آباد کے ایک گھر میں ہونے والی مجلس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔