اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی قیادت تو دبئی میں موجود ہے لیکن اسلام آباد میں سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ ہوگیا۔ وفاقی حکومت خصوصی اختیارات استعمال کرسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز کی چوکیاں خالی ہیں، اسنیپ چیکنگ ختم کردی گئی،ان اقدامات کے بعد سندھ میں رینجرز کےہیڈ کوارٹرز میں محدود ہونے کے بعد وفاق نے اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وفاق کے پاس سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرنے کا اختیا ر موجود ہے۔
وفاق نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے چوبیس گھنٹوں میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کی تو وفاقی حکومت نوٹیفیکشن جاری کر کے سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کر دے گی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی رینجرز کا معاملہ زیر غور رہا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت رینجرز اختیارات سے متعلق اپنا اختیار کسی بھی وقت استعمال کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ نے تین دن گزرنے کے بعد بھی تاحال رینجرز کے اختیارات میں اضافے کی سمری منظور نہیں کی ہے۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا مرکزی اجلاس دبئی میں منعقد کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پارٹی قیادت سے مشورے کیلیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔
آصف زرداری نے دوروزہ اجلاس میں صوبائی کابینہ، رحمان ملک اور لطیف کھوسہ سمیت سینئررہنماؤں کو بھی مشاورت اورتجاویزکیلئے دبئی طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں رینجرز کو اختیارات دینے کا معاملہ ہاٹ فیورٹ رہے گا، اجلاس میں آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج اور عمران خان کی تحریک پر بھی تبادلہ خیال کیاجائےگا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت پانامہ لیکس پر وفاق کے خلاف اگلا قدم اٹھانے سے متعلق بھی اہم اعلان کر سکتی ہے۔