کراچی : سندھ حکومت کی سمری مسترد کرکے وفاق نےسندھ میں رینجرز کوسابقہ اختیارات دے دیئے۔ وزارت داخلہ نے رینجرزکےاختیارات میں ساٹھ دن کی توسیع کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کو رینجرزکے مشروط اختیارات کی سمری واپس بھجوانے کے بعد سندھ میں رینجرز کو سابقہ اختیارات میں 60 دن توسیع کی منظوری دے دی۔
سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی کی ایکٹ کے تحت اختیارات دیئے گئے ہیں، رینجرز کسی بھی مشتبہ شخص کا 90 روز کا ریمانڈ لے سکتی ہے اور اسے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی منظوری کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
وفاق کا کہناہے کہ رینجرز اختیارات پر کوئی بھی شرائط قبول نہیں کی جائیں گی بلکہ صرف غیر مشروط سمری ہی قبول کی جائے گی۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے سند ھ حکومت کو سمری واپس بھجوا دی گئی ہے جس کے ساتھ ایک خط بھی لکھا گیاہے جس میں کہا گیاہے کہ جب کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو صوبے میں تعینات کیا جاتاہے تو آرٹیکل 147کے تحت اس کے اختیارات کو محدو د نہیں کیا جاسکتاہے ۔