کراچی: جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لئے پولیس اور رینجرز نے کٹی پہاڑی میں سرچ آپریشن کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کٹی پہاڑی کے اطراف پولیس اور رینجرز نے چھ گھنٹے سر چ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کردیا گیا، کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق’تلاش ایپ’ اور بائیو میٹرک کا استعمال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے، سرچ آپریشن میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں، علاقے میں آنے جانے والے تمام افراد کو چیک کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ پولیس نے تلاش ایپ کو رواں سال اکتوبر میں متعارف کرایا تھا،مذکورہ ایپ بنانے کا مقصدِ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم سے نبردآزما ہونا اور ناکہ بندی کے وقت چیکنگ سے شناخت یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں ہی کٹی پہاڑی پر پولیس اہل کاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلے کے بعد شاہین فورس نے دو افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔
گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت انعام ولد شعیب اور ہاشم ولد مغرب کے ناموں سے ہوئی تھی، ملزمان سے ایک عدد ٹی ٹی پستول، 30 بور لوڈ میگزین اور 4 عدد موبائل فون برآمد ہوئے تھے۔