جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

رینجرز، پولیس کی مشترکہ کارروائی، انتہائی مطلوب بین الصوبائی ڈکیت گروہ پکڑا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے انتہائی مطلوب چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، یہ بات رینجرز اور پولیس افسران نے اینٹی ٹیررسٹ ونگ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر اور ونگ کمانڈر علی موسیٰ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں انتہائی مطلوب چار ملزمان کو پکڑ لیا گیا ہے جن کا تعلق بین الصوبائی ڈکیت گروہ سے ہے۔

شیراز نذیر نے بتایا کہ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد کی رقم برآمد ہوئی۔

- Advertisement -

ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزمان سے 3 پستول، 2 موٹر سائیکلیں، 12 موبائل فونز بھی برآمدہوئے، گرفتار ملزمان میں بخت روز عرف ملا، علیم خان عرف سر، شمس الرحمان اور زاہد خان شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملزمان گلشن، اورنگی، صدر اور لیاری کے علاقوں میں متعدد وارداتیں کر چکے ہیں، گرفتار ملزمان منظم ڈکیت گروہ چلا رہے تھے، درجنوں ہاؤس رابریز اور سینکڑوں ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

شیراز نذیر نے کہا کہ واردات سے قبل ملزمان مکمل ریکی کرتے تھے، 5 اگست2023 کو صدر میں ڈکیتی کی بڑی واردات کی، ملزمان 2 کروڑ 22 لاکھ کی رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوئے تھے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ 16 جون 2022 کو صدر میں جیولرز سے 200 تولہ سونا بھی لوٹا، سونے کی مالیت 4 کروڑ 35 لاکھ روپے تھی۔

انھوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، تفتیش کے دوران مزید انکشافات بھی متوقع ہیں، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں