ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ کو غیر اخلاقی فوٹو شوٹ کروانا مہنگا پڑگیا اور اداکار بڑی مشکل میں پھنسنے والے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کو رنویر سنگھ کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے دو درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
خواتین کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ایک غیر سرکاری ادارے نے پولیس کو رنویر سنگھ کے خلاف درخواست دی۔
مزید پڑھیں: رنویر سنگھ کی رکشہ میں سوار ہونے کی ویڈیو وائرل
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اداکار نے اپنے برہنہ فوٹو شوٹ سے خواتین کے جذبات اور عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچائی لہٰذا آئی ٹی ایکٹ اور پینل کوڈ کی دیگر دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کیا جائے۔
پولیس کو ایک سابق صحافی کی جانب سے بھی رنویر سنگھ کے خلاف مقدمے کی درخواست موصول ہوئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خواتین کی عزتِ نفس کو مجروح کرنے کے الزام میں اداکار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
ممبئی پولیس نے درخواستیں موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا، معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔