جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

مشہور کینیڈین ریپر کا سدھو موسے والا کو پہلے ریڈیو شو پر زبردست خراج عقیدت

اشتہار

حیرت انگیز

مشہور کینیڈین ریپر ڈریک نے سدھو موسے والا کو اپنے پہلے ریڈیو شو پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق ریپر ڈریک نے مقتول پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے نئے ریڈیو شو ‘ٹیبل فار ون’ میں ان کے ہٹ گانے سنوائے۔

پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار سدھو موسے والا کی اچانک موت کی خبر نے بھارت بھر میں لوگوں کو صدمے سے دوچار کر دیا تھا، اور ان کی موت پر ہزاروں افراد نے سوگ کا اظہار کیا۔

جہاں خاندان اور دوست احباب ابھی تک سوگوار ہیں اور ابھی تک ان کی بے وقت اور المناک موت پر دکھی ہیں، وہاں بہت سے ساتھی فن کار تاحال گلوکار کے قتل پر آواز اٹھا رہے ہیں۔

موسے والا کے چاہنے والے نہ صرف بھارت میں بلکہ سرحد پار کی مشہور شخصیات بھی سوشل میڈیا پر ان کو جذباتی خراج تحسین پیش کر رہی ہیں، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریڈیو پر اپنے نئے شو سے ڈیبیو کرنے والے کینیڈین ریپر ڈریک نے مقتول گلوکار کو دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ڈریک نے اپنے شو پر موسے والا کے جو ہٹ گانے چلائے، ان میں ‘295’ اور ‘G-Shit’ شامل تھے، اس خراج تحسین نے موسے والا کے مداحوں کے دل جیت لیے، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ڈریک نے سدھو موسے والا کو خراج تحسین پیش کیا۔

کینیڈین ریپر نے موسے والا کی اچانک موت کی خبر کے فوراً بعد انسٹاگرام پر پنجابی گلوکار اور ان کی والدہ کی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

ڈریک کے علاوہ نائیجیرین گلوکار برنا بوائے نے بھی مقتول پنجابی فنکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک جذباتی نوٹ لکھا تھا، برنا بوائے اپنی پرفارمنس گلوکار کے نام کرتے ہوئے اپنے لائیو شو کے دوران رو پڑے تھے، سدھو موسے والا مبینہ طور پر ایک مکس ٹیپ کے لیے برنا بوائے کے ساتھ اشتراک کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں