جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

مٹھائی کے شوقین افراد کو رس گلا بے حد پسند ہوتا ہے، تاہم بھارت میں ان رس گلوں کی وجہ سے 40 گھنٹوں تک متعدد ٹرینیں تاخیر اور معطلی کا شکار ہوگئیں۔

بھارتی ریاست بہار کے شہر برہیہ میں درجنوں افراد نے ریلوے ٹریکس پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ اس دھرنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ 100 سے زائد ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔

دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ برہیہ کو ریلوے اسٹاپ قرار دیا جائے اور یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں۔

برہیہ اپنے لذیذ رس گلوں کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اور اس چھوٹے سے ٹاؤن میں رس گلوں کی 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں بڑی تعداد رس گلے بیچنے والوں کی ہی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کے کاروبار کو خاصا نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں تاکہ لوگ اتر کر رس گلے خریدیں اور ان کے کاروبار کو کچھ سہارا مل سکے۔

ریلوے حکام نے فی الحال ایک ٹرین کو برہیہ پر روکنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ کچھ ماہ کے اندر اس ٹاؤن کو باقاعدہ ریلوے اسٹاپ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد یہاں ٹرینیں رکنے لگیں گی۔

حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور 40 گھنٹوں بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں