تازہ ترین

‘اللہ صدر ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے’

واشنگٹن : امریکی کانگریس کی فلسطینی نژاد ڈیموکریٹ رکن رشیدہ کی دادی نے پوتی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے  پر بد دعا دی کہ ‘اللہ صدر ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے’۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی فلسطینی نڑاد ڈیموکریٹ رکن رشیدہ طلیب کی دادی امّاں مفتیہ طلیب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت بددعا دی ہے اور کہا ہے کہ اللہ ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے، وہ اسرائیل کے مقبوضہ غربِ اردن میں رہ رہی ہیں۔

رشیدہ طلیب اپنی ساتھی رکن کانگریس الہان عمر کے ہمراہ ان سے ملاقات کے لیے آنا چاہتی تھیں لیکن اسرائیل نے گذشتہ جمعرات کو امریکی صدر کے دباؤ پر انھیں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں آنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

مفتیہ طلیب اپنی پوتی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے پر امریکی صدر سے نالاں ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی منتخب ارکان کانگریس رشیدہ حربی طلیب اور الہان عمر دونوں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی پالیسیوں کی سخت مخالف ہیں، وہ دونوں امریکی صدر کی جانب سے اسرائیل کی بے جا حمایت پربھی نکتہ چینی کرتی رہتی ہیں۔

انھوں نے اسرائیل کی غربِ اردن کی مصنوعہ اشیاءکی دنیا بھر میں بائیکاٹ کی مہم کی بھی حمایت کی تھی۔

مزید پڑھیں :  اسرائیل کا رشیدہ طلیب اور الہان عمر کو داخلے کی اجازت سے انکار

رشیدہ امریکا میں منعقدہ گذشتہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر ریاست مشی گن کے تیرھویں ضلع سے ایوان نمایندگان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔

رشیدہ طلیب اسی ریاست کے شہر ڈیٹرائٹ میں پیدا ہوئی تھیں ، وہ امریکی کانگریس کی پہلی فلسطینی نڑاد امریکی رکن ہیں اور اسرائیل کے علاوہ صدر ٹرمپ کی شدید ناقد ہیں اور ان کے خلاف تندوتیز بیانات جاری کرتی رہتی ہیں۔

صدر ٹرمپ بھی ان پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں اور ان کے خلاف معمولی معمولی باتوں پر ٹویٹر پر بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -