تازہ ترین

شدید ڈپریشن کا شکار بھارتی اداکارہ اداکاری چھوڑ کر گاؤں منتقل ہوگئیں

نئی دہلی: بھارت کی معروف ٹی وی اداکارہ اپنے والد کی موت کے بعد شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ کر گاؤں میں زندگی گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی وی اداکارہ رتن راجپوت سنہ 2018 میں اپنے والد کی موت کے بعد شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں، طویل عرصے تک اس کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہنے کے بعد انہوں نے نفسیات پڑھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بعد ازاں وہ شہری زندگی چھوڑ کر ایک گاؤں میں منتقل ہوگئی تھیں۔

گاؤں منتقل ہونے کے بعد انہوں نے اپنا رہن سہن بھی بالکل سادہ کرلیا، وہ کھیتی باڑی کر کے اپنا وقت گزار رہی ہیں۔ اس دوران انہوں نے اپن زندگی کی کئی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

رتن گزشتہ 4 سال سے اداکاری اور انڈسٹری سے دور ہیں۔

ایک انٹرویو میں رتن نے بتایا تھا کہ والد کی موت کے بعد میں نے سب کچھ کھو دیا تھا اور شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی، میرا کسی کام میں دل نہیں لگتا تھا۔ ڈپریشن صرف موڈ سوئنگس یا پھر رونا نہیں ہے، ڈپریشن میں انسان کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈپریشن سے نجات کے لیے وہ کسی دوائی کا سہارا نہیں لینا چاہتی تھیں، انہوں نے کچھ وقت کے لیے ممبئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور پھر گاؤں کی زندگی کو دریافت کرنا شروع کیا۔

رتن کا کہنا ہے کہ فطرت کے قریب رہنے سے ان کی زندگی میں خاصی تبدیلی آئی ہے اور ان کا ڈپریشن بھی کم ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک کئی سائنسی تحقیقات میں ثابت ہوچکا ہے کہ فطرت کے قریب زندگی گزارنا ذہنی صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی ماحول، کھلی ہوا اور درختوں یا پہاڑوں کے درمیان وقت گزارنا ڈپریشن سمیت کئی ذہنی امراض کی کمی میں مدد کرتا ہے، اور فطرت کے قریب وقت گزارنے والے، شہروں میں زندگی گزارنے والوں کے برعکس نہایت خوش باش رہتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -