لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ راوی پھر سے ایک دریا بنے گا، اس منصوبے کی بدولت بیرون ملک سے سب سے زیادہ سرمایہ کاری آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر گورنر، وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی وزرا فیصل واوڈا، شفقت محمود و دیگر بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے سنگِ بنیاد کے موقع پر پودا بھی لگایا۔
انھوں نے تقریب سے خطاب میں کہا سندھ میں لوگ وہ پانی پی رہے ہیں جس سے بیماریاں پھیلتی ہیں، راوی پھر سے ایک دریا بنے گا اور لوگوں میں بیماریاں نہیں پھیلیں گی، ہم نے راوی ریور منصوبہ ایک جامع پلان کے تحت شروع کیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا راوی ریور منصوبے میں تیز رفتاری بہت اہمیت کی حامل ہے، ہمارے پاس وقت کم ہے اور دنیا کی دل چسپی زیادہ ہے، راوی ریور منصوبے پر جو بھی مشکلات ہوں گی وفاقی کی جانب سے ان کے حل کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
عمران خان نے کہا یہ منصوبہ پرائیوٹ سیکٹر کے تحت بنے گا، پنجاب حکومت کا کام انفراسٹرکچر مکمل کرنا ہے، منصوبے کی بدولت ان شاء اللہ بیرون ملک سے سب سے زیادہ سرمایہ کاری آئے گی۔
انھوں کے کہا بد قسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں، دنیا میں جب بھی کوئی بڑا کام ہوا ہے اس کے لیے بڑا خواب دیکھا جاتا ہے، ماضی میں راوی پراجیکٹ بنانے والے اپنی کامیابی چاہتے تھے ملک کی نہیں، نیا شہر بنانا آسان کام نہیں، بڑی مشکلات اور رکاوٹیں آئیں گی، رکاوٹوں نے آنا ہے مگر یہ شہر لاہور اور پاکستان کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا لاہور میں 40 فی صد کچی آبادی ہے ان کے لیے ٹاؤن پلاننگ کرتے وقت کسی نے نہیں سوچا، پہلے روٹی کپڑا اور مکان ایک نعرہ تھا، اب پہلی بار سستے گھر بن رہے ہیں، اب جو بھی سوسائٹی بنے گی ان میں غریبوں کے لیے گھر رکھے جائیں گے، پہلی بار تنخواہ دار اور مزدور طبقے کو اپنا گھر ملے گا۔