راولپنڈی : 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، گزشتہ روز بچی اسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی پھر لاش زیر تعمیر عمارت سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ مندرہ کی حدود میں 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
سی پی او خالد ہمدانی نے 7 سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی گوجر خان سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتولہ بچی گزشتہ روز گھر کے قریب کھیلتے ہوئے پر اسرار طور پر لاپتہ ہوئی تھی، مقتولہ کی لاش زیر تعمیر عمارت سے ملی تاہم جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کئے جارہے ہیں۔
بچی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع متعلقہ تھانے میں گزشتہ رات دی گئی تھی، جس کے بعد فیملی کے ساتھ مل کر بچی کی تلاش شروع کی گئی تو بچی کی لاش زیر تعمیر گھر سے ملی۔
مقتولہ کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں موت کا تعین کیا جاسکے گا، واقعہ کی تمام زاویوں سے تفتیش جاری ہے۔