ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا، 3 دن میں ایک اننگز بھی مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

- Advertisement -

خیال رہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے، تاہم پہلا ٹیسٹ میچ ہی بارش اور خراب موسم کے سبب شدید متاثر ہو چکا ہے، آج سری لنکا کو 282 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرنی تھی تاہم بارش کی وجہ سے کھیل شروع نہ کیا جا سکا۔

پہلے دن سری لنکن ٹیم نے اننگز اوپن کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نسیم شاہ نے دو وکٹیں لیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز خراب موسم کے باعث صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ بارش کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں شاہین آفریدی نے نیروشن ڈک ویلا کو 33 رنز پر پویلین روانہ کیا۔ میچ جلد ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنالیے تھے، ڈی سلوا 72 اور پریرا 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

تیسرے روز کا کھیل بھی خراب آؤٹ فیلڈ کی نذر ہوا، دوسرے سیشن میں امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ روک دیا اور پھر کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ تیسرے دن صرف 5.2 اوورز کا کھل ہی ممکن ہو سکا، جس کے اختتام پر سری لنکا کے رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 تھے، دھنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں