اسلام آباد: اپوزیشن رہنماؤں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے اے این ایف کے ہاتھوں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سابق صوبائی وزیر قانون کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی مقدمے اور الزام کے بغیر گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رانا ثنا کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا کو گرفتار کرنا سیاسی انتقام کی مایوس کن کوشش ہے۔
Arrest of President Punjab PMLN by Anti-Narcotics force is obviously desperate attempt at political victimization. Sanaullah has been a vociferous critic of PPP in the past & is currently one of the most vocal critics of the regime. Arrests expose govts weakness & desperation.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) July 1, 2019
انھوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے سخت ترین ناقد رہے ہیں، وہ موجودہ حکومت کے سخت ترین ناقدین میں مؤثر ترین آواز ہیں، گرفتاریاں حکومتوں کی کم زوریوں اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا، نا معلوم مقام پر منتقل
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے حکم پر اداروں کو مخالفین پر استعمال کیا جا رہا ہے، آج اداروں کے مخالفین پر استعمال کی گھناؤنی مثال قایم کی گئی، کبھی نیب، کبھی نیب ٹو اور اب اے این ایف۔
انھوں نے کہا کہ اداروں کو سیاسی مخالفین کو دباؤ کے لیے استعمال کرنا افسوس ناک ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ رانا ثنا اللہ کو فوری مجاز عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت میں بتایا جائے کہ ان پر کیا الزام ہے؟
خیال رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب اور ایم این اے رانا ثنا کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں منشیات کے اسمگلروں سے روابط کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔