تازہ ترین

پرنسپل ایچیسن کالج نے استعفیٰ کیوں دیا ؟ وجہ سامنے آگئی

لاہور :پرنسپل ایچیسن کالج کے استعفے کی وجہ سامنے آگئی، گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کی تین سال کی فیس و جرمانے معاف کرتے ہوئے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔

تفصیلات کے مطابق پرنسپل ایچیسن کالج کے استعفے کی وجہ سامنے آگئی، پرنسپل ایچیسن کالج کے فیصلے کے برعکس گورنر پنجاب کا حکم نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے۔

گورنرپنجاب نے وفاقی وزیر احد چیمہ کے 2بچوں کی تین سال کی فیس و جرمانے معاف کئے جبکہ گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔

احد چیمہ نے اسلام آباد شفٹ ہونے پر ایچیسن کالج بچوں کی طویل رخصت کی درخواست کی ، پرنسپل ایچیسن کالج نے احد چیمہ کے بچوں کی چھٹی کی درخواست پالیسی کے تحت منظور کی اور کالج کی پالیسی کے تحت چھٹی کے دورانیے کی فیس کی ادائیگی کا حکم دیا۔

احد چیمہ کی اہلیہ نے فیس معافی کے لئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو درخواست دی، جس میں کہا گیا کہ احد چیمہ تنخواہ دار ہیں، اتنی فیس نہیں دے سکتے۔

گورنر پنجاب نے اہلیہ کی شنوائی کے بعد احد چیمہ کے دونوں بچوں کی 3سال کی فیسیں معاف کر دیں اور حکم نامے میں کہا کہ
ذاتی یاسرکاری وجوہات پر والدیا والدہ کو شہر چھوڑنے پر طویل رخصت منظورہوتی ہے، والدین کی ذاتی یا سرکاری مجبوری کےباعث طویل رخصت پر بچوں کی فیس لینانا انصافی ہے۔

، گورنر پنجاب کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا کہ چند بچوں کی فیس معافی سے ایچیسن کالج کو مالی نقصان نہیں ہوگا ، ایچیسن کالج میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے والدین کے بچے داخلہ لیتے ہیں، رخصت کے دوران والدین بچوں کے 2اسکولوں کی فیس ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ایسی صورت میں والدین کا مکمل حق ہے کہ بچوں کی فیس معافی کامطالبہ کریں۔

ایچیسن کالج کے پرنسپل نے اسکول جوائن نہ کرنے پر احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ بھی کینسل کیا تھا ، جس کے بعد گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں