اسلام آباد: بیکٹیریل انفیکشن کی ایک غیر معیاری دوا کی مارکیٹ میں دستیابی کا انکشاف ہوا ہے، ڈریپ نے ’انسپ انفیوژن‘ ڈرپ کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے انسپ انفیوژن (Incip infusion) کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا ہے، سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے انسپ انفیوژن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دیا ہے۔
ٹیسٹ میں انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی ڈرپس میں غیر ضروری ذرات پائے گئے، انسپ 200 ایم جی انفیوژن بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے، یہ انونٹر فارما کراچی کا تیار کردہ ہے، ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کا استعمال شدید ری ایکشن کر سکتا ہے، اور جان لیوا بھی ہو سکتا ہے، اس سے مریض کو سیپسز ہو سکتا ہے، اور انفیکشن شدت بھی اختیار کر سکتا ہے۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کے استعمال سے انفیکشن شدید ہونے پر مریض کے جسمانی اعضا اور ٹشوز متاثر ہوتے ہیں، سیپسز ہونے پر مریض کے اہم اعضا ناکارہ ہو سکتے ہیں، اس لیے ڈریپ نے کمپنی کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی سے روک دیا ہے، اور کمپنی کو اس کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈریپ نے کہا ہے کہ کیمسٹ انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کے لیے اسٹاک چیک کریں، اور کیمسٹ، فارمیسی انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ کمپنی کو واپس کریں، اور ڈاکٹرز مریضوں کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔