برطانیہ میں کورونا ویکسینیشن مہم کے باوجود وبا سے جانی نقصان میں کمی نہ آ سکی اور ایک ہی دن میں اموات کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں ایک جانب کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری ہے تو دوسری جانب وبا سے متاثرہ افراد اور اموات میں مسلسل اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے اموات کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، ایک دن میں کورونا سے 1610 افراد چل بسے۔
برطانیہ میں 24 گھنٹے میں 2 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ پبلک ہیلتھ کا کہنا ہے کہ اب تک 42 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ سائنس دانوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے، موجودہ لاک ڈاؤن سے کرونا کی نئی قسم کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہے۔
کورونا وبا کی روک تھام کے لیے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دی جا چکی ہے، برطانوی ریگولیٹری اتھارٹی نے موڈرنا ویکسین کو بھی پاس کر دیا ہے۔
برطانیہ اس سے قبل فائزر اور آکسفورڈ کی کرونا ویکسینز بھی منظور کر چکا ہے، اور یہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی تیسری ویکسین ہے۔