عالمی وبا کورونا کی معاشی تباہ کاریوں کے باوجود دنیا بھر میں اسپورٹس کار فراری کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
اٹلی کی اسپورٹس کار بنانے والی کمپنی فراری نے دعویٰ کیا ہے کہ گیارہ ہزار سے زائد گاڑیوں کی ریکارڈ شپمنٹ کے بعد رواں سال اس کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فراری نے اندازہ لگایا ہے کہ گزشتہ سال 2021 میں 11155 گاڑیوں کی ترسیل کے بعد رواں سال اس کی ایڈجسٹ شدہ مجموعی آمدنی 1.65 اور 1.70 ارب یورو کے درمیان ہوگی جب کہ گزشتہ سال آمدنی 1.53 ارب یورو تھی۔
گزرے برس بھی کمپنی کی آمدنی اس کے اندازے کے مطابق ہی رہی تھی۔
فراری کے سربراہ بینیڈیٹو وینیا نے کہا ہے کہ کمپنی نے برانڈ کی منفرد خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ تمام آرڈرز کو پورا کیا ہے۔
سال 2020 میں کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد گزشتہ سال فراری کی شپمنٹ میں 22.3 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
کمپنی کے مطابق تمام اہم ممالک میں ڈبل ڈیجیٹ گروتھ ظاہر ہوئی ہے جس کی وجہ 8 سلنڈر ماڈلز بشمول ایف ایٹ فیملی، روما گرینڈ اور ہائبرڈ ایس ایف 90 ماڈلز کی مستحکم فروخت ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں چین، ہانگ کانگ اور تائیوان کو ایکسپورٹ کی گئی گاڑیوں میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ صرف فراری ہی نہیں دیگر لگژری گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
لگژری گاڑیوں کی برطانوی کمپنی رولز روئس نے بھی کہا تھا کہ سال 2021 میں اس کی فروخت میں 49 فیصد اضافہ ہوا ہے جو اس بات کا عندیہ ہے کہ کورونا کی عالمی وبا کے باوجود دنیا بھر میں لگژری گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک اور لگژری کار پورشے نے بھی گزشتہ سال 3لاکھ سے زائد گاڑیاں دنیا بھر میں فروخت کی تھیں۔