لندن: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ فرحان ہاشمی کو 28 جنوری کو گرفتار کیاگیا تاہم اُن کی گرفتاری ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی، انہیں فوری طور پر بازیاب کروا کے اسپتال منتقل کیا جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ لندن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم فیڈرل بی ایریا ٹاؤن کے انچارج فرحان ہاشمی کو 18 جنوری کو گرفتار کیا گیا تاہم اُن کی گرفتاری ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔
رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ فرحان ہاشمی سمیت دیگر گرفتار کارکنان کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے کے لیے جبروتشدد کیا جارہا ہے، لندن قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حراست کے دوران فرحان ہاشمی کو بھی دیگر کارکنان کی طرح سیاسی وفاداری تبدیل کروانے کے لیے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے اُن کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
متحدہ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ فرحان ہاشمی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اور اسپتال منتقل کر کے اُن کا طبی معائنہ کروایا جائے، رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی فرحان ہاشمی کی رہائی کے لیے آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے۔