روم: اٹلی کے شہر روم کی سڑک پر بھارتی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کے مشہور گانے ’اسمال ٹاؤن گرل‘ پر عین اُسی مقام پر ایک بھارتی سیاح کا ڈانس وائرل ہو گیا ہے، جہاں یہ گانا شوٹ کیا گیا تھا۔
انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رنبیر کپور اور بپاشا باسو کی 2008 کی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کے مشہور گانے ’اسمال ٹاؤن گرل‘ کو دو بھارتی سیاحوں نے پھر سے ’شوٹ‘ کیا۔
ویڈیو میں دونوں دیسی سیاح رنبیر کپور کا گانا گاتے دکھائی دیتے ہیں، مانو شرما اور سورو گارگ جب روم پہنچے تو انھیں مذکورہ گانے کو بالکل اسی مقام پر ’ری میک‘ کرنے کا خیال آیا جس پر اس گانے کی شوٹنگ کی گئی تھی۔
دیسی جوڑی نے گانے کے ابتدائی مکالمے بھی پھر سے بنائے، اصل گانے میں بپاشا نے رنبیر کو سڑک کے بیچوں بیچ رقص کرنے کی فرمائش کی تھی، وائرل ویڈیو میں بپاشا کا کردار مانو شرما نے ادا کیا، اور سورو گارگ نے رنبیر کے اسٹیپس کی ہو بہو نقل اتاری۔
انھوں نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’آپ کس کا انتخاب کریں گے، 20 رکنی عملے کے ساتھ رنبیر کپور اور بپاشا باسو یا 2 نیند سے محروم ہندوستانی جو روم میں وقت گزاری کا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں۔‘‘
یہ ویڈیو کلپ اتنی وائرل ہوئی کہ اب تک لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے۔ لوگوں کو یہ بات بہت پسند آئی کہ ویڈیو دیسی بوائز نے اصل گانے میں استعمال ہونے والے کیمرہ اینگل کو بھی فالو کرنے کی کوشش کی۔