اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد عمران خان نے ثابت کر دیا وہ عوام کو ریلیف دینے پر یقین رکھتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باوجود قیمتوں میں کمی عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کےحکومتی عزم کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کاباعث بنے گی، مہنگائی میں کمی لانا وزیر اعظم کی سب سے اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کا عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے۔
عوام کے لیے خوشخبری، پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ انشااللہ معاشی صورت حال میں بہتری کے ثمرات عوام کو میسرآئیں گے، یہی عوامی حکومت ہے اور وزیراعظم عوام کے اعتماد پر پورا اتررہے ہیں، آئندہ بھی پورا اتریں گے۔
خیال رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپےکمی کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 111.60 روپے، ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت میں5 روپے کمی کے بعد 122.26 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں7 روپے کمی کے بعد نئی قیمت77.51 روپے ہوگئی۔