اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 34.42 فیصد کم ہوگیا، صرف نومبر 2019 میں برآمدات میں 9.60 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 34.42 فیصد کم ہوگیا، جولائی تا نومبر درآمدات میں 19.27 فیصد کمی ہوئی۔ پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں 4.80 فیصد اضافہ ہوا۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 9 ارب 49 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز تھا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر برآمدات 9 ارب 55 کروڑ ڈالرز رہیں، گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔
جولائی تا نومبر درآمدات 19 ارب 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں۔
ترجمان وزارت تجارت کے مطابق صرف نومبر 2019 میں برآمدات میں 9.60 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2 ارب ڈالرز سے زائد رہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں برآمدات 1 ارب 84 کروڑ 38 لاکھ ڈالرز تھیں۔
وزارت تجارت کے مطابق نومبر 2019 میں درآمدات 17.53 فیصد کم ہوئیں، نومبر میں درآمدات کا حجم 3 ارب 81 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا۔ گزشتہ سال نومبر میں درآمدات 4 ارب 62 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز تھیں۔
نومبر 2019 میں تجارتی خسارہ 35.50 فیصد کم ہو گیا۔ نومبر میں تجارتی خسارہ 1 ارب 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا۔ گزشتہ سال نومبر میں تجارتی خسارہ 2 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔