کراچی: شہر قائد میں کے 6 مختلف مقامات پر دو مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد سڑکیں بند ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نمائش چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، کامران چورنگی اور واٹر پمپ پردھرنا جاری ہے، جبکہ نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن آنے جانے والا روڈ بند ہے، کامران چورنگی سے موسمیات آنے جانے والی سڑک بھی دھرنے کے باعث بند ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ واٹر پمپ سے انچولی جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ سہراب گوٹھ سے واٹر پمپ جانے والا روڈ کھلا ہے۔
شیرشاہ اور اورنگی ٹاؤن میں بھی دھرنے کا سلسلہ جاری ہے، شاہراہ اورنگی پونے5 سے بنارس آنے والا ٹریک بند ہے، جبکہ بنارس سے اورنگی ٹاؤن پونے 5 جانے والا ٹریک ٹریفک کے لئے کھلا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر ایم ڈبلیو ایم کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ شروع کی جس پر پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی / لاہور: ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی شامت، 40 شہری گرفتار
نمائش چورنگی پر ایم ڈبلیو ایم کا دھرنا ختم کروانے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی جس کے جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور کئی موٹر سائیکلوں کو آگ لگادی۔