حیدرآباد : ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ علی لنجار کا کہنا ہے کہ نامور سندھی شاعر آکاش انصاری کے بیٹے نے والد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ علی لنجار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاعرآکاش انصاری کوان کے بیٹے شاہ لطیف نے قتل کیا۔
ڈاکٹر فرخ لنجار کا کہنا تھا کہ 2 روز قبل شاعر آکاش انصاری کی لاش ملی تھی، تاثر دیا گیا تھا کہ آکاش انصاری جھلس کر جاں بحق ہوئے، پوچھ گچھ میں بیٹے کا رویہ مشکوک تھا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہٰ قتل بھی بر آمد کرلیا ،ملزم قتل کے بعد جائے واردات سے فرار ہوا۔
ڈاکٹر فرخ لنجار نے کہا کہ ملزم شاہ لطیف نے پہلے دوست کیساتھ وقت گزارا پھر گھر آکر آگ لگائی، والد کیساتھ شاہ لطیف کی تلخیاں تھیں۔
نامور شاعر اور ادیب ڈاکٹر آکاش انصاری قتل کیس میں مقتول کے لے پالک بیٹے اور ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا۔
میڈیکولیگل آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید مغل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، جسم پر کٹ کے نشانات سے لگتا ہے کہ تیز دھار چھرا استعمال کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے ڈاکٹر آکاش انصاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقتول کے گلے اور پیٹھ پر چھرے کے وار کے نشانات ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ انہیں پہلے چھرے سے مارنے کی کوشش کی گئی اور پھر آگ لگائی گئی۔