انقرہ: معروف پاکستانی شاعر امجد اسلام امجد کو ترک حکومت نے اعلیٰ ثقافتی ایوارڈ سے نواز دیا۔
ترک دارالحکومت میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ معروف شاعر امجد اسلام امجد نے ترکی کا اعلیٰ ثقافتی ایوارڈ حاصل کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق ترک حکومت کی جانب سے دیا جانے والا انٹرنیشنل کلچرل، آرٹ ایوارڈ نصیب فضیل نے امجداسلام امجد کے حوالے کیا، تقریب میں ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ امجداسلام امجد جدید اردو لٹریچر کے اہم شعرا میں سے ایک اور پاکستان کے معروف شاعر ہیں، پاکستان ترکی کا انتہائی عزیز اور قریبی دوست ملک ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کا مفاد یکساں ہے، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، یکجہتی اورخلوص پر مبنی ہیں۔
اس موقع پر امجد اسلام امجد کا کہنا تھا کہ ترکی ہر پاکستانی کےدل کےقریب ہے، اعلیٰ ثقافتی ایوارڈ سے نوازنے پر ترک بھائیوں کا دل سے مشکور ہوں۔