اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

ہزاروں فٹ بلند چیئر لفٹ میں پھنسے طلبہ واساتذہ کو بچانے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب

اشتہار

حیرت انگیز

بٹگرام میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ جانے کے باعث اس میں سوار 10 طلبہ واساتذہ کئی گھنٹوں سے زمین سے ہزاروں فٹ بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں جن کو بچانے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صبح بٹگرام تحصیل کے آلائی یوسی بٹنگی پاشتو کے علاقے میں مقامی افراد کی آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والی چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی ہے۔ جس وقت چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹی تو اس میں 10 طلبہ اور اساتذہ سوار تھے۔

زمین سے 9 سے 10 ہزار فٹ بلند چیئر لفٹ کی تین رسیوں میں سے دو رسیاں ٹوٹ چکی ہیں اور کئی گھنٹوں سے اس میں سوار طلبہ اور اساتذہ اپنی مدد کے لیے چیخ وپکار کر رہے ہیں تاہم بروقت کارروائی نہ ہونے پر ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

- Advertisement -

مذکورہ علاقہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے بھی 4 سے 5 گھنٹے کی مسافت پر ایک دور دراز مقام پر واقعے ہے جہاں سڑک بھی نہیں ہے اور متاثرہ جگہ پر مشینری پہنچنے کا بھی کوئی راستہ نہیں ہے اور انہیں صرف ہیلی سروس کے ذریعے ہی ریسکیو کیا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹ میں اسکول کے 10 طلبا اور اساتذہ پھنسے ہوئے ہیں اور ان کی مدد کے لیے ریسکیو ٹیم کے پاس بھی کوئی آپشن نہیں ہے۔

مقامی لوگوں کے اور لفٹ میں پھنسے افراد کے لواحقین جائے وقوعہ پر جمع ہیں اور انہوں نے اپنے پیاروں کی زندگی بچانے کے لیے حکومت سے فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی اپیل کی ہے جب کہ علاقے کی مساجد میں دعاؤں کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں تاہم چیئر لفٹ نو سے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر ہونے کے باعث زمین سے ریسکیو ممکن نہیں ہے جس کے باعث کمشنر ہزارہ اور ریسکیو حکام نے پاک فوج اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت سے ہیلی کاپٹرز مانگ لیے ہیں۔

کمشنر ہزارہ سلطان عامر کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹ جہاں پھنسی ہے وہاں سنگل نہیں ہیں اور پاک آرمی سے ہیلی کاپٹر کی درخواست کی ہے جلد ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر ہوگا۔

اس حوالے سے ریسکیو ترجمان بلال فیاضی نے بتایا ہے کہ ریسکیو 1122 ٹیمیں صبح 8 بجے سے پہلے روانہ کر دی گئی تھیں تاہم راستے محدود ہونے کے باعث جائے وقوعہ تک پہنچنے میں 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

بٹگرام میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹ کی ڈولی کمزور ہے، رسک نہیں لے سکتے ہیں، ہم نے نگراں حکومت سے ہیلی کاپٹر کی درخواست کر دی ہے۔

علاوہ ازیں نگراں وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے بٹگرام حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر چیف سیکریٹری کے پی سے رابطہ کیا ہے اور چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کیلیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے  ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں