اشتہار

حادثے کا شکار بھارتی وکٹ کیپر ریشبھ پنت ساتھی کھلاڑی کے مشورے پر عمل کرتے تو۔۔۔۔۔ ؟

اشتہار

حیرت انگیز

گزشتہ دنوں بھارتی وکٹ کیپر ریشبھ پنت گاڑی کے حادثے میں زخمی ہوئے اگر وہ ماضی میں اپنے ساتھی کرکٹر کے دیے گئے مشورے پر عمل کرتے تو شاید یہ نہ ہوتا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپیر ریشبھ پنت گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ کرکٹر کو یہ حادثہ ریاست اتراکھنڈ سے نئی دہلی آتے ہوئے اس وقت پیش آیا جب ان کی کار ہائی وے پر ریلنگ سے ٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کار تو مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی۔

حادثے میں ریشبھ پنت کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی حالت اب بہتر ہے۔

- Advertisement -

نوجوان بھارتی کرکٹر کے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد بھارتی میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شیکھر دھون وکٹ کیپیر ریشبھ کو آرام سے گاڑی چلانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

پرانی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ آئی پی ایل کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں ریشبھ پنت قومی ٹیم کے اوپنر شیکھر دھون سے کہتے ہیں کہ کوئی ایک مشورہ جو آپ مجھے دینا چاہیں تو وہ کیا ہوگا جس کے جواب میں دھون کہتے ہیں کہ تم گاڑی آرام سے چلایا کرو۔

سینیئر کھلاڑی کا مشورہ سن کر ریشبھ کہتے ہیں کہ جی میں آپ کا مشورہ مانتے ہوئے گاڑی آرام سے چلاؤں گا۔

 

اس ویڈیو کے ساتھ ہی صارفین میں یہ بحث بھی چھڑ گئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ریشبھ اپنے ساتھی کرکٹر شیکھر کا مشورہ مان لیتے تو اس حادثے کا شکار نہ ہوتے۔

دوسری جانب ریشبھ پنت کو خوفناک کار حادثے کے بعد اسپتال پہنچانے والے شخص نے بھی میڈیا کو سارا ماجرا سنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریشبھ پنت کو جائے حادثہ سے اسپتال پہنچانے والے بس ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ ہردوار کی طرف سے آ رہا تھا جبکہ ریشبھ پنت دلی کی طرف سے آ رہے تھے۔ ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد بھارتی کرکٹر کی گاڑی تقریباً 200 میٹر دور تک گئی۔

بس ڈرائیور سشل کے مطابق کار حادثے کے بعد وہ سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچے تو دیکھا کہ گاڑی میں آگ لگ چکی تھی۔ جب شیشے توڑ کر کرکٹر کو باہر نکالا تو وہ لنگڑا رہے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں