اسلام آباد: 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے چند ہفتے قبل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے خرابی صحت کے باعث استعفیٰ دیا تھا جسے اب منظور کر لیا گیا ہے۔
عمر حمید نے 7 جنوری کو خراب صحت کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا تھا سیکریٹری الیکشن کمیشن کچھ دن تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور گھر پر ان کا علاج جاری ہے۔
استعفے کی خبر نشر ہونے کے فوری بعد ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ عمر حمید ذہین اور محنتی افسر ہیں وہ بہت اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی، وہ اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، ان کی صحت نے اجازت دی تو جلد فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور کسی کام میں رکاوٹ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی دفاتر کام کر رہے ہیں۔