پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کیا پی پی اور ن لیگی ارکان کے استعفے اسپیکرز کو بھیجے جائیں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ اپنی اپنی جماعتوں کے اراکین کے استعفے اسپیکرز اسمبلی کو نہیں بھیجے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی نوڈیرو سے روانگی سے قبل بلاول بھٹو سے غیر رسمی بات چیت ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات چیت میں ارکان اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت تک محدود رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے ارکان کے استعفے اسپیکرز اسمبلی کو نہیں بھیجے جائیں گے، مریم نواز اور بلاول بھٹو کا لانگ مارچ کر کے حکومت پر دباؤ بڑھانے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں استعفوں سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا، سی ای سی کے بیش تر ارکان استعفے دینے کے خلاف رائے رکھتے ہیں، اس اجلاس میں جمہوريت کی بالا دستی کے لیے استعفے منظور نہ کرانے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔

بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ملاقات کی اندرونی کہانی، انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ

واضح رہے کہ آج دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی ایک ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی نہیں کریں گی۔

بلاول اور مریم نواز اس بات پر بھی متفق تھے کہ انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا، ن لیگ اور پی پی ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی، تاہم ضمنی انتخاب سے متعلق حتمی فیصلہ پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں