ہفتہ, دسمبر 7, 2024
اشتہار

سانحہ اے پی ایس کےشہدا کوخراج عقیدت پیش کرنےکی قرارداد جمع

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی، قرارداد میں سولہ دسمبر کو دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف قومی دن قراردینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سولہ دسمبر 2014 کو آرمی پبلک سکول پر سفاک دہشت گردوں نے حملہ کر کے معصوم بچوں کو قتل کیا، سولہ دسمبر کو دہشت گردی کے اس واقعہ کو چار سال مکمل ہو جائیں گے، لیکن آج بھی پوری قوم دکھ اور غم میں مبتلا ہے۔

- Advertisement -

متن میں مزید کہا گیا ایوان معصوم بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سانحہ اے پی ایس کے شہداء کوخراج تحسین اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سولہ دسمبر کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی دن قرار دیا جائے۔

خیال رہے 16 دسمبر کو سانحہ آرمی پبلک اسکول کی چوتھی برسی منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔

آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی، جبکہ اس بزدلانہ حملے میں متعدد طلبا زخمی ہوئے، واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد دہشت گردی کی سرکوبی کے لیے ردالفساد کا آغاز ہوا، جس میں قوم پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہوئی اور فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں آیا اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے آہنی عزم کے ساتھ فوجی آپریشن کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں