لاہور : قومی ہیروشاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں ممتاز بلے باز شاہد آفریدی کو الوادعی میچ کھیلوانے کے لیے ایک قرارداد جمع کروادی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین اُن سے محبت کرتے ہیں اس لیے پنجاب کا یہ مقدس ایوان قومی ہیرو شاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں انہوں نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی ہے کرکٹ کے میدان سے انہیں عزت و وقار کے ساتھ رخصت کیا جانا چاہیئے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ باوقار قومیں ہمیشہ اپنے ہیروز کو سر آنکھوں پر بٹھاتی ہیں اور ملک کے لئے اُن کی خدمات کو سراہتی ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ کرکٹ بورڈ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کی بجائے 16 ویں کھلاڑی کے طورپرشامل کر کےغلط مثال قائم کررہا ہے جوآفریدی جیسے سینئر کھلاڑی کے شایان شان نہیں۔