کراچی : وزارت مذہبی امور کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کو عازمین حج اور حجاج کرام کی سہولت کیلئے ہدایات جاری کردی گئیں۔
اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے تمام ائیرپورٹس میجنرز، پی آئی اے سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی عہدیداران کو خط لکھ دئیے، جس میں بعد از حج آپریشن میں حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے دونوں اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
خط کے متن میں وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ایک ہفتے کے اندر اندر حجاج کرام کیلئے آنے والے آب زم زم کو رکھنے کے لئے اقدامات کرے۔
آب زم زم نجی ائیرلائن (ائیربلیو) کے ذریعے لایا جائے گا، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے آب زم زم کو عازمین حج تک پہنچانے کے انتظامات یقینی بنائے۔
آب زم زم کو لانے اس کو ذخیرہ کرنے اور بانٹنے کے اقدامات ایک ہفتے میں مکمل کیے جائیں، وزارت مذہبی امور نے وضح ہدایات دی ہیں کہ عازمین حج کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کی سعودی عرب سے وطن واپسی پر آب زم زم کے لیے تمام ایئرپورٹس پر معمول سے زیادہ جگہ رکھنے کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں تمام ایئرپورٹس منیجر اپنے ایئرپورٹس پر اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کریں۔