اسلام آباد: ملک میں کرونا کے اثرات کم ہوتے ہی سیاحتی انڈسٹری کو دوبارہ فروغ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سیاحت سے متعلق اعلی سطح اجلاس طلب کر لیا، یہ اجلاس آج شام وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا کے وزرائے اعلیٰ سمیت چیف سیکریٹریز اس اجلاس میں شریک ہوں گے، معاون خصوصی زلفی بخاری، وفاقی و صوبائی وزرا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پی ٹی ڈی سی حکام نئی سیاحتی پالیسی پر بریفنگ دیں گے، صوبائی حکام بھی اپنے صوبوں کی سیاحتی پالیسی سے آگاہ کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی پر مشاورت ہوگی۔
آزاد کشمیر حکومت نے کرونا کے باعث 5 ماہ سے بند سیاحتی مقامات کو کھول دیا
اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں سیاحت کے فروغ کی راہ میں حائل زیر التوا امور پر بھی غور ہوگا، اور سیاحت کے فروغ کے لیے قومی سطح کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 11 اگست کو آزاد کشمیر کی حکومت کرونا کے باعث 5 ماہ سے بند سیاحتی مقامات کو کھول چکی ہے، جس کے بعد ایس او پیز کے تحت سیاحوں کو آنے کی اجازت مل گئی ہے، سیکریٹری سیاحت کے مطابق پہلے مرحلے میں فیملیز اور گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو اجازت دی گئی ہے۔