ریاض: سعودی عرب میں رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے سعودی رائس درآمد کرنے والے تاجروں سے ملاقات کی، اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم بہتر کوالٹی سے مارکیٹ میں جگہ بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی چاول اپنی لذت اور عمدہ کوالٹی کے اعتبار سے دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ دو ہزار اٹھارہ کے دوران چھہتر ملین ڈالر کا کاروبار کیا گیا۔
ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے سعودی عرب کی چاول درآمد کرنے والے تاجروں سے ملاقات کی، پاکستانی وفد کے سربراہ علی اصغر نے بتایا کہ پاکستانی چاول کی مانگ دنیا بھر میں بڑھ گئی ہے۔
سفارت خانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین کا کہنا تھا کہ رائس ایکسپورٹرز کا وفد تمام بڑے شہروں کا دورہ کر رہا ہے جس کے اچھے نتائج مل رہے ہیں۔
سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے کہا کہ ماضی میں سعودی عرب پاکستانی چاول کی بڑی مارکیٹ سمجھی جاتی تھی، اب دوبارہ مارکیٹ میں جگہ بنا لیں گے۔
سعودی کمپنیوں نے پاکستانی چاول درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا پاکستانی وفد جدہ ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا دورہ بھی کرے گا۔