ویڈیو رپورٹ: نعیم شیخ
انسانیت کے لیے درد دل رکھنے والا فہد نامی رکشہ ڈرائیور، جس نے اپنی جان قربان کر کے دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنایا، اور معاشرے کے لیے ایک قابل تقلید مثال قائم کر دی۔ گھر کا واحد کفیل نوجوان رکشہ ڈرائیور فہد گزشتہ روز سڑک پر لٹکتی تار کو بجلی کے پول سے باندھتے ہوئے جاں کی بازی ہار گیا۔
فہد رکشہ چلا کر اپنی فیملی کی کفالت کرتا تھا، اس نے ڈی سی آفس کے سامنے روڈ پر پی ٹی سی ایل نیٹ سسٹم کی لٹکٹی تار کو اپنا رکشہ ایک طرف روک کر دوسروں کو اس تار سے بچانے کے لیے قریبی بجلی کے پول سے باندھنے کی کوشش کی، لیکن کرنٹ لگنے سے جھلس کر جاں کی بازی ہار گیا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ فہد دوسروں کا خیال رکھنے والا ایک اچھا انسان تھا، اس کے اس طرح اس کے دنیا سے چلے جانے سے سبھی افسردہ ہیں۔ فہد کی افسوس ناک موت سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ شہر بھر میں موت باندھتی ایسی لٹکتی خطرناک تاروں کا بندوبست کرنا کیا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری نہیں؟