سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے بتایا ہے کہ پاکستان خطرناک ٹیم کیسے بن سکتی ہے۔
آئی سی سی ریویو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ ابھی کلک نہیں کررہی اگر بابر اور رضوان دونوں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو پاکستان خطرناک ٹیم بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کوالٹی پلیئر ہے اس کی کمی کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ بہت اچھی ہے، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ حالیہ سیریز میں بڑے شاندار رہے ہیں یہ دونوں بولرز کسی بھی بیٹنگ لائن اپ کو پریشان کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے سے تماشائیوں کی وجہ سے آُپ متحرک رہتے ہیں، پاکستان کے پاس شائقین کی سپورٹ بھی ہوگی۔
رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی ٹیم کو کسی بھی دن شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور اسی روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔